سونے کی قیمت ہوشرُبا اضافے کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج (پیر کو) سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار روپے کا غیر معمولی اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ قیمت 3 لاکھ 3 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
ملک میں 10 گرام سونے کی قیمت بھی 3 ہزار 429 روپے اضافے سے ریکارڈ 2 لاکھ 59 ہزار 773 روپے ہوگئی۔
ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی بازار میں سونے کی قیمت 42 ڈالر اضافے سے تاریخ میں پہلی بار 2903 ڈالر فی اونس ہے۔
سونے کو عام طور پر معاشی اور مالیاتی بحرانوں کے دوران ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے تاہم زیادہ شرح سود سونے جیسی بغیر منافع والی سرمایہ کاری کی کشش کو کم کر دیتی ہے۔
ہفتے کے روز پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت 1,046 روپے کمی کے بعد 299,000 روپے پر بند ہوئی تھی۔
دوسری جانب، چاندی کی قیمت میں بھی 43 روپے کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد فی تولہ چاندی 3,373 روپے میں فروخت ہوئی۔