پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے پاکستان ائیر لائن ( پی آئی اے ) کے فلائٹ آپریشنز معطل ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ایندھن بحران کے باعث پی آئی اے فلائٹ آپریشن معطل ہونے پر تشویش ہے، ایک ہفتےمیں 100 سے زائد ملکی اور غیر ملکی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ پی آئی اے کی متعدد ملکی وغیرملکی پروازیں منسوخ
شیری رحمان نے کہا کہ منصوبہ بندی کے تحت پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے دور میں ایوی ایشن انڈسٹری کریش کروائی گئی اور اب فلائٹ آپریشن معطل ہونے سے دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ نگران وفاقی حکومت اس سنگین بحران کا نوٹس لے۔
انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا پوری انڈسٹری کو تباہ کر کے نجکاری کی راہ ہموار کی جا رہی ہے؟۔
ان کا کہنا تھا کہ آج بھی 49 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، لائسنس گیٹ سے اب تک ملکی ایوی ایشن انڈسٹری اپنی پائوں پر کھڑی نہیں ہو سکی، پی آئی اے اور پاکستان سٹیٹ آئل ( پی ایس او ) کے درمیان انتضامی اور معاشی معاملات کی وجہ سے عوام کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ ایندھن کی کمی، پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر، متعدد پروازیں منسوخ
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے ہماری قومی شناخت ہے لیکن ہمیں پارلیمانی کمیٹی میں ایوی ایشن ڈویزن سے کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملتا۔