ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اسپیکر ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی تھی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے مذاکرات کی دعوت سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ اسپیکر ایاز صادق نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی تھی بلکہ صرف یہ کہا تھا کہ ان کے دروازے ہر کسی کیلئے کھلے ہیں۔
ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی باضابط دعوت تب دی جائے گی جب حکومت یا اپوزیشن انہیں خود درخواست کریں گے اور اسپیکر قومی اسمبلی کا کردار بھی یہی ہے اور انہوں نے اپنی پوزیشن کلیر کی تھی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر اور گھر کے دروازے کسی بھی رکن کےلیے کھلے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا اہم بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ میرے چیمبر اور گھر کے دروازے کسی بھی رکن کے لیے کھلے ہیں۔
اسپیکر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمرایوب نے کہا تھا کہ سیاسی مذاکرات صرف خواہشات سے نہیں بلکہ مستحکم ارادوں سے ہوتے ہیں اور حکومت کے ارادے ٹھیک تھے ہی نہیں اس لیے مذاکرات کا سلسلہ آگے نہیں بڑھ سکا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سنجیدگی سے مذاکرات شروع کیے تاہم حکومت نے مطالبات نہیں مانے، اب ہم مذاکرات نہیں کریں گے۔