وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ آذربائیجان کے سرمایہ کاروں کی انویسٹمنٹ کیلئے گرمجوشی قابل ستائش ہے ، تمام متعلقہ ادارے ہرممکن تعاون فراہم کریں گے اور پاکستان میں سرمایہ کاری آذربائیجان کی کاروباری برادری کیلئے انتہائی منافع بخش ہوگی۔
وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہا دوف نے ملاقات کی جس کے دوران دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے مختلف امور پر گفتگو کی گئی اور معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں باہمی شراکت داری بڑھانے پر غور کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر عبد العلیم خان نے آذربائیجان کے سرمایہ کاروں کی پاکستان میں موجود مواقع میں دلچسپی کو حوصلہ افزا قرار دیا اور کہا روڈ انفراسٹرکچر خاص طور پر ایم-6 اور ایم-9 موٹروے میں سرمایہ کاری دوست ملک کے لیے انتہائی منافع بخش ثابت ہو سکتی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام متعلقہ ادارے آذربائیجان کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
عبدالعلیم خان نے کہا آذربائیجان کے ساتھ سرمایہ کاری سے متعلق امور کو عملی جامہ پہنانے کا وقت آ گیا ہے اور معاشی تعلقات کے فروغ کیلئے وزیراعظم شہباز شریف جلد دوست ملک کا دورہ کریں گے۔
اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر نے حالیہ کامیاب دورے پر عبدالعلیم خان کو مبارکباد دی اور کہا آذربائیجان کی قیادت اور عوام پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتے ہیں، وزیراعظم پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں۔