جنوبی افریقہ کے اوپنر کوئنٹن ڈی کوک نے اپنے ون ڈے کیریئر کے 150ویں میچ میں 150 سے زائد رنز کی یادگار اننگز کھیلی ، وہ رواں ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بائیں ہاتھ کے سٹائلش بلے باز جنوبی افریقہ کے اوپنر کوئنٹن ڈی کوک نے منگل کو بنگلہ دیش کے خلاف 174 رنز کی اننگز کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا۔
انہوں نے رواں ورلڈ کپ میں اب تک 5 میچز کھیل کر 81.40 کی اوسط سے 407 رنز بنائے ہیں جس میں 3 شاندار سنچریاں بھی شامل ہیں۔ بھارت کے سٹار کرکٹر ویرات کوہلی پانچ میچوں میں 90.53 کی اوسط سے 354 رنز بنا کر اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، کوہلی نے رواں ورلڈ کپ میں ایک سنچری اور 3 نصف سنچریاں سکور کر رکھی ہیں۔
فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود بھارتی کپتان روہت شرما نے 62.20 کی اوسط سے 311 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔
پاکستان ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 5 میچوں میں 75.50 کی اوسط سے 302 رنز بنا کر چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ رضوان نے ایونٹ میں اب تک ایک سنچری اور ایک نصف سنچری سکور کر رکھی ہے۔