آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آسٹریلوی کوچ کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ پیٹ کمنز نے اب تک انجری کے بعد باؤلنگ کا آغاز نہیں کیا اور ان کا چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کا امکان نہیں ہے جبکہ فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ کی انجری کی خبر بھی سامنے آئی تھی۔
جمعرات کو آسٹریلوی چیف سلیکٹر جارج بیلے نے تصدیق کی کہ کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔
جارج بیلے کا کہنا تھا کہ پیٹ کمنز ٹخنے کی انجری سے صحتیاب نہیں ہو سکے جبکہ جوش ہیزل ووڈ کو کولہے میں تکلیف کا سامنا ہےاور انہیں ری ہیب کے لیے وقت لگے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر حتمی اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل آل راؤنڈر مچل مارش بھی فٹنس مسائل کے باعث ایونٹ سے آؤٹ ہوچکے ہیں جبکہ آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس نے بھی اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے اور اس طرح آسٹریلوی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں اپنے 4 اہم کھلاڑیوں کے بغیر شرکت کرے گی۔