وفاقی حکومت کی جانب بیرونِ ملک روزگار پر جانے والے خواہشمند افراد کو ٹریننگ،ویزا اور سفری اخراجات کے لیے ایک ملین روپے تک کے آسان قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے طلباء، فری لانسرز اور نوجوان کاروباری افراد کو لیپ ٹاپ خریدنے کے لئے 0.45 ملین روپے تک کے قرضے فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے جس کا مقصد ان کی تعلیم، ڈیجیٹل مہارتوں اور کاروباری کوششوں میں مدد کرنا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق حکومتِ پاکستان نے وزیرِاعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم (پی ایم وائی بی اینڈ اے ایل ایس) میں توسیع کا اعلان کیا ہے جس کے تحت لیپ ٹاپ کی خریداری اور بیرونِ ملک جانے کے خواہشمند افراد کے لیے تربیت، سفر اور ویزا سے متعلق اخراجات کے لیے نئی مالی معاونت متعارف کرائی گئی ہے۔
اس اقدام کا مقصد اس اسکیم کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنا ہے، جس کا مقصد وسیع آبادی، خاص طور پر طلباء، فری لانسرز اور نوجوان کاروباری افراد کو ہدف بنانا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے درج ذیل شرائط و ضوابط کے مطابق لیپ ٹاپ اور ممکنہ غیر ملکی کارکنوں کے لیے فنانسنگ ایک نئے درجے (’ٹیئر 4‘ کے طور پر) کے تحت فراہم کی جائے گی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق نئے ٹیر کے تحت روزگار کے لئے بیرونِ ملک جانے کے خواہشمند افراد کو تربیت، سفر، ویزا سے متعلق اخراجات اور سیٹلمنٹ کے اخراجات کے لیے ایک ملین روپے تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے، جن کی مدت ادائیگی 5 سال تک ہوگی۔ قرض کے لیے ڈیٹ ایکویٹی کا تناسب 80:20 ہوگا، بینک ریٹ کائبور+ 3 ہوگا جبکہ اینڈ یوزر ریٹ صفر فیصد ہوگا۔
شرائط و ضوابط کے مطابق شناختی کارڈ رکھنے والے 21 سے 45 سال کی عمر کے پاکستانی شہری، جن کے پاس درست جاب لیٹر/ آفر لیٹر ہو یا اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر (او ای پی) کے ذریعے معاہدے کے تحت باقاعدہ بھرتی کی گئی ہو، وہ قرض کے اہل ہوں گے۔
ملازمت کے خط کی باقاعدہ تصدیق متعلقہ پاکستانی مشن بیرون ملک، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی (سی ڈبلیو اے)، اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر (او ای پی)، اور پروٹیکٹر آفس سے کروانا ضروری ہوگی۔ درخواست گزار کو فنڈز کے استعمال کے جواز کے لیے بیرونِ ملک تربیت، ملازمت کی پیشکش وغیرہ کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔
اس کے علاوہ نئے ”ٹیئر 4“ کے تحت ایچ ای سی کے تسلیم شدہ اداروں کے طلباء اور فری لانسرز اور نوجوان انٹرپرینیورز کو لیپ ٹاپ کی خریداری کے لئے آسان قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے۔ ایچ ای سی سے تسلیم شدہ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والا 18 سے 30 سال کی عمر کا کوئی بھی شہری لیپ ٹاپ قرض کا اہل ہوگا۔
لیپ ٹاپ کی فنانسنگ فراہم کرنے میں دلچسپی رکھنے والی جامعات اور بینکوں کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔ یونیورسٹی طلباء کو وزیرِاعظم یوتھ پروگرام پورٹل کے ذریعے بینکوں کو ریفر کرے گی اور بینک جامعہ کی ضمانت پر ان طلباء کو لیپ ٹاپ فراہم کریں گے۔
بیرونِ ملک جانے کے خواہشمند افراد کے لیے قرض کی سہولت حاصل کرنے کے لیے درخواست گزار کے خاندان کے کسی فرد کی ذاتی ضمانت درکار ہوگی، اور یہ قرض درخواست گزار اور ملک میں مقیم اس کے خاندان کے فرد کے مشترکہ نام پر بھی لیا جا سکتا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے رسک مینجمنٹ کے مطابق، حکومت تقسیم شدہ پورٹ فولیو پر پہلے نقصان کی بنیاد پر 25 فیصد گارنٹی فراہم کرے گی، جبکہ تمام کمرشل اور اسلامی بینکس فنانسنگ فراہم کریں گے۔