فلسطینوں کی انُ کی سرزمین سے بے دخل کرکے امریکی صدرنے غزہ پرقبضہ کرنے کا اعلان کردیا۔
وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ پرقبضہ کرکے اسے اپنی ملکیت بنائیں گے۔
امریکی صدر نے فلسطینیوں کو غزہ چھوڑنے کی دھمکی دے دی، کہا فلسطینیوں کو اردن اورمصر میں بسایا جائے گا۔ امید ہے جنگ بندی معاہدے سے خونریزی ختم ہوجائے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بہت سے ممالک جلد ابراہم معاہدے میں شامل ہوں گے ۔۔ سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں امن کا خواہاں ہے۔ جلد اسرائیل، سعودی عرب اورغزہ کا دورہ کروں گا۔
نیتن سے ملاقات میں حماس کے خاتمے کے طریقہ کارپرتبادلہ خیال کیا گیا ۔ ایران پرسخت پابندیاں عائد کرنے کی بھی دھمکی، کہا ایران کے پاس جوہری ہتھیارہیں تو یہ ان کی بدقسمتی کا باعث ہوگا۔
سعودی عرب نے فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بے گھرکرنے کا منصوبہ مسترد کردیا۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق فلسطینی ریاست کے قیام تک اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق کہا فلسطینی ریاست کا قیام سعودی عرب کا غیرمتزلزل موقف ہے۔ دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے زیرصدارت کابینہ کا اجلاس ہوا۔ غزہ اورمشرق وسطیٰ کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی ولی عہد نے غزہ میں مستقل جنگ بندی پر زوردیا، کہا غزہ میں انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی تیزکی جائے ۔ سعودی کابینہ نے فلسطین سے متعلق عرب لیگ ارکان کے اعلامیے کو سراہا۔