عمرے پرجانے کے لیے سعودی حکام نےگردن توڑ بخار ویکسین کو لازمی قرار دیا تو لاہور سمیت پنجاب بھر میں ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے میڈیکل اسٹورز پر ویکسین بلیک میں فروخت ہونے لگی، عمرہ زائرین ویکسین کی تلاش میں سرکاری و نجی علاج گاہوں پر رل گئے، لاہوراور پنجاب کے دور دراز اضلاع سے عمرہ کے لیے جانے والے ویکسین کی تلاش میں ہیں مگرمحکمہ صحت پنجاب کے پاس دستیاب نہیں،نجی میڈیکل اسٹورز پر بھی قلت ہے۔جہاں ویکسین موجود ہے وہاں بلیک میں کئی گنا مہنگے فروخت کی جارہی ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق شہری میڈیکل اسٹور سے ویکسین خرید کر لاہور میں انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں ریجنل ڈریپ دفتر سے لگواسکتے ہیں۔سفر سے دس روز قبل ویکسین لگوانا لازم ہے۔
شہریوں نے اپیل کی ہے کہ حکومت پاکستان ویکسین کی مفت فراہمی کو سرکاری سطح پر یقینی بنائے تاکہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے جانے والے زائرین کا سفر آسان ہوسکے۔