انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی ہوگئی۔
انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کے ابتدائی سیشن کے دوران ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.09 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ڈالر کے مقابلے روپیہ 24 پیسے کی بہتری سے 278.80 روپے پر جاپہنچا۔
واضح رہے کہ پیر کو پاکستانی روپے میں امریکی ڈالر 279.04 پر بند ہوا تھا۔
بین الاقوامی سطح پر منگل کو کینیڈین ڈالر، میکسیکو پیسو اور یورو امریکی ڈالر کے مقابلے میں مستحکم رہے، جبکہ پیر کو ان کرنسیوں میں زبردست اتار چڑھاؤ آیا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا اور میکسیکو پر عائد ٹیرف ایک ماہ کیلئے معطل کرنے کے بعد کینیڈین ڈالر، میکسیکو پیسو اور یورو کئی سال کی کم ترین سطح سے تیزی سے بحال ہوگئے۔
امریکی ڈالر 1.4435 کینیڈین ڈالر پر مستحکم رہا، جبکہ پیر کو اس میں 0.85 فیصد کی کمی آئی تھی، جب یہ 2003ء کے بعد پہلی بار 1.4792 کینیڈین ڈالر تک جاپہنچا تھا۔
امریکی ڈالر میکسیکو پیسو کے مقابلے میں 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 20.3939 پر پہنچا، تاہم یہ تین سال کی بلند ترین سطح 21.1882 پر جاپہنچا تھا۔