نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں خنجراب پاس سے لے کر سوات تک کے علاقے میں سیاحت کے فروغ کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔
معروف کاروباری شخصیت مرتضیٰ ہاشوانی سے ملاقات میں ملک کی کاروباری استعداد کو مکمل طور پر بروئے کار لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مرتضیٰ ہاشوانی نے وزیراعظم کو ملک میں معاشی استحکام لانے کی کامیاب کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے ملک کی کاروباری کمیونٹی اور حکومت کے مابین کاروباری اشتراک کی تجویز پیش کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ خنجراب پاس سے لے کر سوات تک کے علاقے میں سیاحت کی لامحدود استعداد موجود ہے، پاکستانی کاروباری کمیونٹی اور چینی تعاون کے ذریعے خنجراب پاس سے لے کر سوات تک کے علاقے کے سیاحت کے شعبے میں خاطر خواہ کام کیا جا سکتا ہے۔
ملاقات میں سیاحتی مقامات پرموجود سرکاری ملکیتی عمارتوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے کاروباری سرگرمیوں کے لیے بروئے کار لانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔