جوڈیشل کمیشن نے پشاور ہائیکورٹ کیلئے 9 کے بجائے 10 ایڈیشنل ججز کے ناموں کی منظوری دیدی۔ پاکستان تحریک انصاف نے 10 ججز کی تعیناتی پر اعتراض اٹھادیا۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس یحیٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ختم ہوگیا، ذرائع کے مطابق کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کیلئے 9 کے بجائے 10 ایڈیشنل ججز کے ناموں کی منظوری دے دی۔
جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے 9 کے بجائے 10 ججز کی تعیناتی کی تجویز دی، جسے کمیشن نے منظور کرلیا۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز فرح جمشید اور انعام اللہ کے ناموں کی منظوری گئی، قاضی جواد، مدثر امیر، عبدالفیاض کو بھی ایڈیشنل ججز تعینات کرنے کی منظوری دیدی گئی۔
جوڈیشل کمیشن نے ایڈیشنل ججز کیلئے صلاح الدین، صادق علی، طارق آفریدی ، ثابت علی اور اورنگزیب خان کو بھی ایڈیشنل جج بنانے کی منظوری دیدی۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے دسواں جج بھی چاہئے۔
ذرائع کے مطابق 9 کے بجائے 10 ججوں کی منظوری پر پی ٹی آئی ارکان نے اعتراض اٹھادیا، کمیشن نے اعتراض کے باوجود کثرت رائے سے 10 ججز کی منظوری دے دی، بیرسٹر گوہر، علی ظفر اور وزیر قانون خیبر پختونخوا نے اعتراض کیا۔