پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے فلسطینی متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان بھجوانے کیلئے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔
اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جبر و استبداد اور ظلم کے نتیجے میں دوہرا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، اسلامی دنیا کی قیادت عالمی برادری کے ساتھ مل کر فلسطینیوں کی نسل کشی روکے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ فلسطین کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے جہاں پانی اور خوراک بند ہے، بے گناہ بچے، خواتین اور شہری قاتلوں کے نرغے میں ہیں، بڑھتی بے حسی اور بے بسی دنیا کو سنگین نتائج کی طرف دھکیل رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انسانیت کو بچانے میں ناکامی دنیا کے امن کی ناکامی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ایک لمحے کی تاخیر بے گناہوں کی شہادتوں کی صورت نکل رہی ہے، محصور فلسطینیوں کیلئے امدادی قافلوں کو اجازت نہ ملنا عالمی اتھارٹی اور قانون کو مذاق بنا رہا ہے، فلسطینی بچوں کے آنسوؤں نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مظلوموں کا لہو بہانے سے ناجائز ریاست کا وجود جائز نہیں ہو گا، جلد اس مسئلے کا حل نہ نکلا تو ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔