پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی ٹکٹ ہولڈر صنم جاوید نے پی ٹی آئی ایکٹیوسٹ طیبہ راجہ کے ساتھ ہونے والے جھگڑے پر لب کشائی کردی۔
صنم جاوید نے حال ہی میں ’ سماء پنجابی ‘ کی پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں میزبان عکاشہ گل اشرف کی جانب سے ان سے ان کے طیبہ راجہ کے ساتھ ہونے والے جھگڑے سے متعلق سوال کیا گیا۔
سوال کے جواب میں صنم جاوید کا کہنا تھا کہ جب آپ ایک جگہ پر اکٹھے رہ رہے ہوں تو رائے میں اختلاف ہوتا ہے۔
صنم جاوید کا کہنا تھا کہ ’ ہمارے اوپر بہت مشکل حالات تھے اور جب بھی جیل سے باہر ( عدالتی پیشی ) جاتے تھے تو ہر دفعہ کچھ نیا سننے کو ملتا تھا کہ اب ایسے ہو جائے گا اور اب ویسے ہوجائے گا ‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ ایک تو میں ضمانتیں کرانے سے باز نہیں آتی تھی اور پھر میں خطوط بھی لکھتی تھی اور لکھنے سے باز نہیں آتی تھی، بولنے سے بھی باز نہیں آتی تھی، تو اس وجہ سے پھر کافی مسلئے ہوتے رہتے تھے ‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ کسی کے گھر والے چاہتے تھے کہ ہم خاموش ہوجائیں ، میرے اور طیبہ کے درمیان کوئی غلط فہمی ہی ہوئی ہوگی کیونکہ اکٹھے رہتے ہوئے غلط فہمیاں بھی ہوجاتی ہیں اور بہت مسلئے بھی ہوجاتے ہیں لیکن ہمارے درمیان کوئی ایسی لڑائی نہیں ہے کہ ہماری دشمنیاں چل رہی ہیں‘۔