اسٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی ) نئے سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان پیر کو ( کل ) کرے گا۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کی زیر صدارت مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس پیر کو ہوگا جس کے بعد 2025 کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔
ماہرین کو مہنگائی کی رفتار میں کمی پر شرح سود میں مزید 1 فیصد کمی کی توقع ہے۔
مانیٹری پالیسی پر سروے میں ماہرین کی ڈیڑھ فیصد کمی کی رائے سامنے آئی ہے اور جنوری میں مہنگائی کی شرح 3 فیصد سے بھی نیچے آنے کی توقع ہے۔
بینکوں کا کائبورریٹ پہلے ہی 11 اور 12 فیصد کے درمیان آچکا ہے۔
اسٹیٹ بینک مسلسل 7 مرتبہ پالیسی ریٹ میں 9 فیصد تک کی کمی کرچکا ہے جبکہ اس وقت بنیادی شرح سود 13 فیصد پر ہے اور وزیراعظم شہبازشریف شرح سود میں مزید کمی کا اشارہ دے چکے ہیں۔
دوسری جانب تاجر برادری کی نمائندہ تنظیموں کی جانب سے شرحِ سود میں 3 فیصد کمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔