جنوبی لبنان میں گھروں کو واپس آنیوالے 15 شہری اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے ڈیڈ لائن ختم ہونے کے باوجود جنوبی لبنان کا قبضہ نہیں چھوڑا ہے جس پر جنوبی لبنان کے بے گھر شہریوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا ہے جبکہ ہزاروں افراد نے اسرائیلی فوجی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے گھروں کو واپس جانے کی کوشش کی۔
صیہونی فوج کی جانب سے گھر واپس آنے والے شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے۔
لبنان کی وزارت صحت نے کہا کہ جنوب میں متعدد مقامات پر 15 افراد جاں بحق اور دیگر 83 زخمی ہوئے ہیں۔
لبنان میں اقوام متحدہ کے اعلیٰ اہلکار اور جنوب میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کے سربراہ نے کہا کہ لبنانی شہریوں کی سرحد کے قریب دیہاتوں میں محفوظ واپسی کے لیے حالات ابھی سازگار نہیں ہیں۔
معاہدے کے مطابق اسرائیلی افواج کو اتوار ( آج ) تک لبنان سے مکمل طور پر انخلا کرنا تھا۔