بحریہ ٹاون کراچی پر شہریوں سے فراڈ کے الزامات پر قومی احتساب بیورو نے متاثرین سے درخواستیں لینے کےلیے اشتہار جاری کر دیا۔
اشتہار کے مطابق نیب بحریہ ٹاون کراچی میں صارفین سے بڑے پیمانے پر رقوم ہتھیانے اور خوردبرد کے الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے ۔ دھوکہ دہی کا شکار ہونے والے شہری 30 دن میں اپنی درخواست قومی احتساب بیورو میں جمع کروا سکتے ہیں۔
نیب اعلامیے کے مطابق درخواست ضروری دستاویزات کے ساتھ بذریعہ ڈاک، ای میل یا ویب سائٹ براہ راست جمع کروائی جا سکتی ہے۔
اس سے قبل 21 جنوری کو قومی احتساب بیورو کی جانب سے ملک ریاض کے حوالے سے دھوکا دہی، فراڈ، سرکاری اور نجی زمینوں پر قبضے کے معاملات پر تحقیقات اور عوام کو بحریہ ٹاؤن کے منصوبوں میں سرمایہ کاری سے تنبیہ کا بیان بھی سامنے آیا تھا۔