حکومت نے جڑواں شہروں میں مقیم رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو بھی افغانستان واپس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے افغانستان سفارتخانے سمیت دیگرسفارتخانوں کو خط موصول ہوگیا۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق دوسرے مرحلے میں پروف آف رجسٹریشن کارڈ کے حامل افغان باشندوں کو بھی اسلام آباد اور راولپنڈی سے نکالا جائے گا۔
پی او آر کے حامل افغان باشندوں کو فوری طور پر بے دخل نہیں کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ نے پی او آرکے حامل افغان باشندوں کو جون تک پاکستان میں رہنے کی اجازت دے رکھی ہے۔
پاکستان میں پی او آر اور اے سی سی رکھنے والے افغان باشندوں کی مجموعی تعداد تقریباً 20 لاکھ ہے۔ کسی تیسرے ملک میں منتقلی کے منتظر افغان باشندوں کو 21 مارچ تک اسلام آباد اور راولپنڈی سے منتقل کردیا جائے گا۔
افغان باشندوں کی جلدازجلد منتقلی سےمتعلق وزارت خارجہ عالمی اداروں اور غیرملکی سفارتخانوں سےرابطے میں ہے۔ کسی تیسرے ملک منتقل نہ ہونے والے افغان مہاجرین کو افغانستان واپس بھیجا جائے گا۔