تحریک انصاف نے حکومت کیلئے پیغام جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ مذاکرات جاری رکھنا چاہتے ہیں تو ہماری مطالبات کو مانیں ۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سیاسی اسیروں کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن کا قیام ، یہ ہمارے دو مطالبات ہیں، بانی نے مذاکراتی ٹیم سے فوری ملاقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے، بانی نے واضع کردیا ملاقات نہ کرائی گئی تو چوتھی نشست نہیں ہو گی، اس دوران اگر جوڈیشل کمیشن بنتا ہے تو مذاکرات پر غور کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کمیٹی کمیٹی نہیں کھیلنا ، ہمارا مقصد 9مئی اور 26نومبر واقعات کے حقائق کا اندازہ لگانا تھا، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہمارے مطالبات کا مذاق اڑایا گیا، مذاکرات ہماری کمزوری نہیں بلکہ نظام کوآگے چلانے کیلئے یہ دروازہ کھولا ہے ۔
اس موقع پر شبلی فراز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا قیام اور سیاسی اسیروں کی رہائی کےمطالبات ہیں، ابھی بھی وقت ہے کمیشن بنا دیں، لوگ ویلکم کریں گے، حکومت 9 مئی اور 26 نومبر کی حقیقت بتانے میں کیوں دلچسپی نہیں لے رہی، اگر کمیشن نہ بنا تو سمجھیں گے حکومت حقائق سامنے نہیں لانا چاہتی، حکومتی اتحاد 9 مئی کے پیچھے چھپ کر سیاست کررہا ہے، کمیشن بنا دیں ،سب سامنے، آجائے گا۔