اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے تحت قیدیوں کے تبادلے کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی جیلوں میں قید 200 فلسطینیوں جبکہ حماس کی جانب سے غزہ میں قید مزید 4 اسرائیلی خواتین فوجیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔
اسرائیلی جیل سے رہا ہونے والے فلسطینی قیدی ریڈ کراس کی بسوں میں راملہ پہنچے جہاں انکا والہانہ استقبال کیا گیا اور عوام نے انہیں کندھوں پر اٹھا کر بھرپور جشن منایا جبکہ اس موقع پر والدین کی بچوں کو دیکھ کر آنکھیں نم ہوگئیں۔
3 بسوں میں 130 فلسطینی قیدی سوار تھے جبکہ اسرائیل 70 قیدیوں کو ملک بدر کرکے مصر بھیج دے گا۔
رہا ہونے والوں میں 121 فلسطینی عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔
دوسری جانب غزہ میں قید مزید 4 اسرائیلی خواتین فوجیوں کو رہا کردیا گیا ہے اور القسام بریگیڈ نے فوجی یونیفارم میں اسرائیلی قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا جنہیں ہیلی کاپٹر میں تل ابیب منتقل کیا گیا۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت قیدیوں کے تبادلے کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔
حماس
حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اعلیٰ سطح کا وفد مصر کے دارالحکوت قاہرہ کے سرکاری دورے پر بھیج رہے ہیں اور وفد مصر پہنچنے والے 70 قیدیوں کو وصول کرے گا۔
ترجمان حماس کا کہنا تھا کہ وفد کی مصری حکام سے جنگ بندی کے اگلے مرحلے پر بات بھی ہوگی جبکہ 70 قیدیوں کو مصر سے ترکیہ ،تیونس اور الجزائر بھیجا جائے گا۔