حکومت پنجاب اور ترک کمپنیوں کے درمیان سرمایہ کاری بڑھانے اور دوطرفہ تجارت کے فروغ پر اتفاق ہوگیا۔ صوبائی وزیر نے ترکیہ کی کمپنیوں کو ای وی سیکٹر سمیت زراعت، توانائی، صحت اور لائیو اسٹاک میں سرمایہ کاری کی دعوت دیدی۔
پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستاغ نے ملاقات کی، ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اور ترک کمپنیوں کی پنجاب میں سرمایہ کاری کے امور پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں مختلف شعبوں میں ترک کمپنیوں کی سرمایہ کاری بڑھانے اور دوطرفہ تجارت کے فروغ پر اتفاق ہوا۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول اور بہترین وقت ہے، صنعتی مراکز میں عالمی معیار کا صنعتی انفرا اسٹرکچر فراہم کیا گیا ہے، فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹ میں ریلوے اسٹیشن بھی بنایا جارہا ہے۔
ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستاغ نے کہا کہ ترک سرمایہ کار پنجاب کے مختلف شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے تیار ہیں اور مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ جوائنٹ وینچر بھی کئے جائیں گے۔