الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے انٹراپارٹی الیکشن سے متعلق کیس کی سماعت چیئرمین بیرسٹر گوہر کی استدعا پر 11 فروری تک ملتوی کردی۔
منگل کے روز الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق کیس کی سماعت کی جس کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اکبرایس بابر اور دیگر درخواست گزار بینچ کے سامنے پیش ہوئے۔
دوران سماعت درخواستگزار اکبرایس بابر نے پی ٹی آئی قیادت کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے پارٹی کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کی درخواست کی اور موقف اختیار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کیس کو طوالت دے رہی ہے، یہ گھس بیٹھیے ہیں، ہماری درخواست ہے کہ الیکشن کمیشن پارٹی کے اکاؤنٹس منجمد کرے ، یہ غیرقانونی قیادت ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پانچوں درخواستگزاروں کو پارٹی سے لاتعلق قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے پارٹی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا مطالبہ دہرایا۔
بیرسٹر گوہر نے موقف اختیار کیا کہ جن پانچ لوگوں نے درخواستیں دی ہیں انہوں نے نہ انٹراپارٹی الیکشن لڑا، نہ فارم جمع کرایا نہ ہم سے فارم لیا، امید ہے الیکشن کمیشن ہمیں جلد پارٹی سرٹیفکیٹ دے گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے بیرسٹر گوہر سے استفسار کیا آپ نے 9 ماہ میں درخواست گزاروں کے جواب کیوں جمع نہیں کروائے جس پر بیرسٹر گوہر نے جواب دینے کے لیے دو تین ہفتے کی مہلت دینے کی استدعا کی جسے الیکشن کمیشن نے منظور کرلیا۔
بعدازاں، کیس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی گئی۔