کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں طلباء کے فیل ہونے کے معاملے کی تحقیقات کیلئے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں طلبہ کی کثیر تعداد کے فیل ہونے کے معاملے کی تحقیقات کیلئے سندھ اسمبلی کی 8 رکنی پالیمانی کمیٹی تشکیل دیدی گئی، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سید سردار علی شاہ ہونگے، دیگر اراکین میں ایم پی ایز سعدیہ جاوید، یوسف بلوچ، اعجاز خان، عبدالوسیم، طلحہ احمد خان، محمد فاروق اور شبیر قریشی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں انٹرمیڈیٹ سال اول پری میڈیکل، پری انجینئرنگ کے نتائج کا اعلان کیا گیا تھا جس کے مطابق پری میڈیکل میں 19 ہزار طلباء فیل ہوئے اور کامیابی کا تناسب صرف 33 فیصد رہا تھا، جبکہ پری انجینئرنگ میں 22 ہزار میں سے صرف 6 ہزار طلباء کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 29 فیصد رہا تھا۔
امتحانی نتائج میں مبینہ گھپلے پر ہزاروں طلبہ نے اعتراض اٹھایا تھا جبکہ ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کی جانب سے معاملے پر کڑی تنقید کی گئی تھی۔
دوسری جانب طلبہ و طالبات بڑی تعداد میں پیپرز ری چیک کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ نے اسکروٹنی فیس ختم کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اسکروٹنی 30 دن میں مکمل کی جائے گی۔