وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حجاج کرام کو ہر قسم کی معاونت و سہولت یقینی بنائی جائے، حج 2025 کی تیاری میں کسی قسم کی لاپرواہی قابل قبول نہیں۔
حج 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کو حج کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سال بھی عازمین کو سعودی سمز پاکستان میں ہی دی جائیں گی۔ عازمین حج کی معاونت کے لیے حج موبائل ایپلی کیشن بھی فعال ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حجاج کرام کو ہرقسم کی معاونت و سہولت یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم نے حج تیاریوں پر جامع بریفنگ چند روز میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حج معاونین کے انتخاب، ذمہ داریوں اور انتظامات سے تفصیلی آگاہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حج ڈیوٹی پر اچھی شہرت کے قابل افسران تعینات کیے جائیں۔ عازمین کو حج کے حوالے سے بہترین تربیت فراہم کی جائیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حجاج اللہ کے مہمان ہیں۔اُن کی خدمت و معاونت میں کوئی لاپرواہی قبول نہیں کروں گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عازمین حج کی رہائش، سفری و دیگر سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے۔