نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم جو کرنا چاہیں کر لیں،امریکا کو اپنی عزت عزیز ہے۔
غزہ جنگ بندی معاہدے کے بعد نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ردعمل میں نیتن یاہو کو خبردار کردیا، کہا نیتن یاہو جو کرنا چاہیں کر لیں لیکن امریکا کو اپنی عزت عزیز ہے، فریقین امریکا کی عزت کریں گے تو جنگ بندی برقرار رہے گی۔
واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا وقت شروع ہونے کے باوجود اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملے جاری ہیں، تازہ حملے میں مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیل فورس نے حماس کی جانب سے اسرائیلی قیدیوں کی فہرست فراہم نہ کرنے کا بہانہ بنا کر کارروائی کی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جنگ بندی کا بالآخر تقریباً تین گھنٹے بعد آغاز ہوگیا۔ صہیونی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ فہرستیں ملنے تک حملے جاری رہیں گے۔ جنگ بندی کا پہلا مرحلہ 42 دنوں پر محیط ہوگا، 33 اسرائیلی اور 737 فلسطینی قیدی مرحلہ وار رہا ہونگے، اسرائیلی فوج شہری علاقوں سے نکل جائے گی۔
نیتن یاہو نے جنگ دوبارہ شروع کرنے کی دھمکی دیدی، کہا کہ نئی جنگ پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ شروع کرینگے، اسرائیلی فوج جنگ بندی کے دوران فیلاڈیلفیا کوریڈور میں رہے گی۔