اسرائیل کی جانب سے یمنی میزائل کو فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی مار گرانے کا دعویٰ کردیا گیا۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے یمن سے فائر کیے گئے میزائل کو فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی مار گرایا ہے۔
اس حوالے سے اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فضائیہ کی جانب سے میزائل کو مار گرائے جانے کے بعد جنوبی اسرائیل کے علاقوں ایلات اور اراوا میں فضائی حملے کے سائرن بھی بجے۔
ٹیلی گرام پر جاری کئے گئے بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ میزائل یمن سے داغا گیا تھا اور اسے اسرائیلی علاقے میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک دیا گیا تھا۔
اس سے قبل یمن کے حوثی باغیوں نے اعلان کیا تھا کہ انہوں نے آج صبح وسطی اسرائیل کی جانب ایک میزائل داغا ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے درمیان غزہ جنگ بندی کے حوالے سے معاہدہ طے پاچکا ہے اور معاہدے کے بعد یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا تھا کہ وہ اسرائیل پر کوئی حملہ نہیں کریں گے۔