نائجیریا میں تیل سے بھرا ٹینکر پھٹ جانے سے درجنوں افراد جھلس کر ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
فیڈرل روڈ سیفٹی کور ( ایف آر ایس سی ) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ہفتے کے روز شمالی نائیجیریا میں تیل سے بھر ایک ٹینکر الٹ کر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
حادثہ میدوگوری میں ابوجا کادونا ایکسپریس وے پر پیش آیا جہاں ڈرائیور سے ٹینکر بے قابو ہو کر الٹا اور اس کے گرد لوگ جمع ہوئے جس کے بعد ٹینکر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔
نائجر کے ایف آر ایس سی سیکٹر کمانڈر نے کہا کہ واقعہ میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر مقامی افراد تھے جو ٹرک الٹنے کے بعد تیل نکالنے کے لیے وہاں موجود تھے۔
اس حوالے جاری کیے گئے اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ روکنے کی کوششوں کے باوجود لوگوں کا ایک بڑا ہجوم تیل نکالنے کے لیے وہاں جمع ہوا ، اچانک ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی اور پھیل گئی جس کے نتیجے میں لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ جائے حادثہ سے اب تک 60 افراد کی لاشوں کو نکالا گیا ہے اور فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پالیا ہے۔