بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ آنے کے بعد بھی پرعزم ہیں۔
ہفتے کے روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے 8 فروری کو پشاور سمیت ملک بھر میں احتجاج کی ہدایت کی ہے اور شٹر ڈاؤن کی کال بھی دی جائے گی جبکہ تمام صوبوں سے پارٹی رہنما، ارکان اسمبلی اور کارکن احتجاج میں شریک ہوں گے۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ وہ کسی دباؤ کے آگے نہیں جھکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو احتجاج کے حوالے سے خاص طور پر ہدایات جاری کی گئی ہیں اور پورے خیبر پختونخوا سے قافلے پشاور میں جمع ہوں گے، ہم یوم سیاہ منائیں گے اور شٹر ڈاؤن کی بھی کال دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی طرح سے تمام صوبوں میں اور پارلیمنٹ میں بھی احتجاج ہوگا۔