پاکستان اور چین کے درمیان چینی قمری پروگرام میں شمولیت کے معاہدے پر دستخط ہوگئے، جس کے بعد پاکستان چاند پر بیس قائم کرنے کے چینی پروگرام میں شامل ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بیجنگ میں چین کے وزیراعظم لی کیانگ کے ساتھ چینی قمری پروگرام میں شمولیت کے ابتدائی معاہدے پر بدھ کو دستخط کئے۔
اس معاہدے کے بعد پاکستان چاند کے جنوبی قطب پر ریسرچ اسٹیشن کی تعمیر کے منصوبے میں چینی شراکت داروں کے توسیعی کلب میں شامل ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چائنا نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن نے جمعہ کو بتایا کہ تعاون چینی قمری بیس پروگرام کے انجینئرنگ اور آپریشنل پہلوؤں سمیت شعبوں کا احاطہ کرے گا۔