وفاقی حکومت کی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوگیا، مالی سال 2024ء میں سیگریٹس، سیمنٹ، مشروبات، کھاد اور فضائی ٹکٹ سمیت مختلف شعبوں سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 207 ارب روپے اضافی ٹیکس وصول کیا گیا۔
ایف بی آر کی دستاویز کے مطابق ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں وفاقی حکومت کے ریونیو میں 207 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا، وفاقی حکومت نے مالی سال 2024ء میں 577 ارب روپے جمع کئے۔
رپورٹ کے مطابق سیگریٹس، سیمنٹ، مشروبات، ایئر ٹکٹ اور کھاد پر ٹیکس ریونیو بڑھا، پیٹرولیم ، دودھ، کریم، جوسز، سیرپ، الکوحل سے ٹیکس وصولی میں بھی اضافہ ہوگیا۔
ایف بی آر کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت 56 فیصد زیادہ ایکسائز ڈیوٹی وصول کی گئی، سیگریٹس پر ڈیوٹی 95 ارب اضافے سے 237 ارب روپے سے تجاوز کرگئی، سیمنٹ پر 11.32 ارب روپے اضافے کے بعد ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 77 ارب 71 کروڑ کی وصولی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق سوڈا واٹر مشروبات پر ٹیکس وصولی 113 فیصد اضافے سے 36.50 ارب روپے، فضائی ٹکٹ پر ٹیکس وصولی 7.22 ارب اضافے سے 47 ارب سے تجاوز کرگئی، کھاد پر ایک سال میں 29 ارب روپے سے زیادہ ایکسائز ڈیوٹی وصول ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دودھ اور کریم کے استعمال میں اضافہ ہوا، ایکسائز ڈیوٹی ریونیو بھی 5 ارب تک پہنچ گئی، الکحل پر ٹیکس وصولی میں سالانہ 102 فیصد اضافہ ہوا اور 2 ارب 29 کروڑ وصول کئے گئے، سیرپ، اسکواش، واشنگ مشین، فروٹ جوس پر بھی ایکسائز ڈیوٹی ریونیو بڑھا۔
رپورٹ کے مطابق موٹر کاروں، بیوریجز میں استعمال ہونے والے کیمیکل پر ٹیکس وصولی میں کمی ہوئی۔