اسرائیلی بربریت اور اسپتال پر بمباری کے نتیجے میں 500 سے زائد فلسطینیوں کی شہادت پر عالمی شہرت یافتہ ترک سیریز کورولوش عثمان سیزن 5 کی نئی قسط نشر نہ کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
ترک میڈیا کے مطابق کورولوش عثمان کے 5 ویں سیزن کی 133 ویں قسط گزشتہ شب نشر ہونا تھی، جسے روک دیا گیا اور اس کے بجائے 132 ویں قسط دوبارہ دکھائی گئی۔
اس حوالے سے کورولوش عثمان کی پروڈکشن ٹیم نے سیریز کی نئی قسط نشر نہ ہونے کی اطلاع آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کے ذریعے دی۔
پوسٹ میں لکھا گیا کہ غزہ کے اسپتال پر اسرائیل کے حملے میں ہمارے سیکڑوں فلسطینی بھائیوں کی شہادت پر ہمارے ملک میں 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، اسی وجہ سے کورولوش عثمان کے 5 ویں سیزن کی نئی قسط نشر نہیں کی جائے گی۔
پوسٹ میں مزید لکھا گیا کہ اس بدھ کی رات پچھلی قسط ہی دوبارہ دکھائی گئی ہے۔
اس کے علاوہ کورولوش عثمان کی ٹیم نے اپنی پوسٹ میں اسرائیلی بمباری کو انسانیت کیخلاف جرم قرار دیا اور فلسطینی عوام، بچوں اور خواتین کی شہادت پر شدید مذمت بھی کی۔
واضح رہے کہ 17 اکتوبر کو اسرائیلی فوج نے غزہ میں زخمیوں سے بھرے اسپتال پر بمباری کی تھی، جس سے بچوں اور خواتین سمیت 500 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں شدید زخمی ہوگئے تھے۔