مراکش کشتی حادثے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا، واقعے کی تحقیقات کیلئے 4 رکنی تحقیقاتی ٹیم مراکش روانہ ہوگئی۔
مراکش میں کشتی حادثے میں درجنوں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا، ایف آئی اے نے 4 رکنی تحقیقاتی ٹیم بنادی جو مراکش روانہ ہوگئی۔
ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کشتی حادثے کے حقائق جمع کرکے وزیراعظم پاکستان کو پیش کرے گی۔
مراکش روانہ ہونے والی تحقیقاتی ٹیم میں ایف آئی اے، وزرات داخلہ اور آئی بی کے افسران شامل ہیں، انکوائری ٹیم ویڈیوز، تصاویر سمیت دیگر ثبوت حاصل کرے گی، تحقیقاتی ٹیم حادثے میں زندہ بچنے والے افراد سے ملاقات کرکے رپورٹ مرتب کرے گی، پاکستانی پر تشدد اور ان کے قتل کی بھی تحقیقات ہوں گی۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ مراکش جانیوالی تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پر پاکستان میں انسانی اسمگلرز اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف کارروائی ہوگی۔
تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ سلمان چوہدری کررہے ہیں، ایف آئی اے پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر منیر مسعود مارتھ ٹیم بھی شامل کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ مراکش میں کشتی حادثے میں 44 پاکستانی جاں بحق ہوئے جبکہ مجموعی طور پر واقعے میں 50 سے زائد تارکین وطن اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔