قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر میر حمزہ ڈومیسٹک میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوگئے، فیلڈ کرتے ہوئے انہیں کہنی پر زخم آئے جس کے باعث انہیں گراؤنڈ سے باہر آنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق ٹیسٹ فاسٹ بولر میر حمزہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے، 32 سال کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر میر حمزہ غنی گلاس کیلئے ایشال ایسوسی ایٹس کیخلاف میچ کھیل رہے ہیں۔
میچ کے دوسرے دن میر حمزہ ڈائیو لگاکر کیچ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے، بائیں ہاتھ کے تیز بولر کی کہنی زخمی ہوئی جس کے سبب ان کو گراؤنڈ سے باہر آنا پڑا۔
غنی گلاس کے کوچ اور سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر کامران اکمل نے میر حمزہ کے زخمی ہونے کو افسوسناک صورتحال قرار دیا۔
کامران اکمل کا کہنا تھا کہ آؤٹ فیلڈ پر گھاس نام کی کوئی چیز نہیں، مٹی پر کھلاڑی ڈائیو ماریں گے، تو یہی ہوگا۔
چند دن قبل سوئی سدرن گیس کے کوچ محمد حفیظ نے بھی پریذیڈنٹ کپ کے انتظامات پر سوالات اٹھائے تھے۔
میر حمزہ کو کراچی کنگز نے پاکستان سُپر لیگ 10 ڈرافٹ میں ’سلور‘ کیٹیگری میں سیزن 2025ء کیلئے منتخب کیا ہے۔