امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے معاہدہ طے پانے کا دعویٰ کردیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل غیر ملکی میڈیا رپورٹس کا بھی دعویٰ سامنے آیا تھا کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسرائیل کے درمیان غزہ جنگ بندی معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی کا عمل تین مرحلوں پر مشتمل ہوگا۔
پہلے مرحلے میں 33 اسرائیلی اور 50 فلسطینی قیدی رہا ہونگے جبکہ اسرائیل غزہ کے نیٹزارم کوریڈور سے فوج کا انخلا کرے گا اور اسرائیلی فوج غزہ کے شہری علاقوں اور رفح بارڈر سے پیچھے ہٹے گی۔
دوسرا مرحلہ جنگ بندی کے 16 دن بعد شروع ہوگا جس میں مزید قیدیوں کی رہائی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے جبکہ تیسرے مرحلے میں غزہ کی تعمیر نو اور انتظامی امور سے متعلق معاملات طے پائیں گے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ ٹروتھ سوشل پر ‘ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حوالے سے خصوصی بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ’ ہم نے غزہ جنگ بندی او یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ کرلیا ہے ‘۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت یرغمالیوں کو جلد رہا کر دیا جائے گا۔