ہیکرز اور جعلسازوں نے وفاقی وزارتیں اور سرکاری محکمے نشانے پر رکھ لیے۔ حکام کی جانب سے سائبرحملوں کی تحقیقات بھی شروع کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سائبر حملوں کے ذریعے وزارتوں کے کمپیوٹر سسٹم تک رسائی حاصل کرنے کی کوششیں کی گئیں ہیں، ہیکرز نے جعلی ای میلز اور واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے اہم معلومات اور ڈیٹا چوری کرنے کیلئے حملے کیے۔ کابینہ ڈویژن نے وزارتوں کو جعلی ای میلزاور واٹس ایپ پیغامات سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کر دی۔
مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے نام سے آنے والی ای میلز اور فون کالز جعلی بھی ہوسکتی ہیں۔ وزیراعظم آفس، سیکرٹریٹ اور ایس آئی ایف سی سیل کے جعلی ایڈریس سے پیغامات بھیجے گئے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی کے حوالے سے ای میلز بھیجنے والے سے تصدیق کرکے کھولا جائے۔ تمام سسٹمز میں اینٹی وائرس انسٹال کرنے اور شہزاد احمد کے نام سے آؤٹ لک ایڈریس والی ای میلز اور واٹس ایپ کو نہ کھولنے کی ہدایت بھی کر دی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ جن وزارتوں نے پریس سیکرٹری وزیراعظم آفس کی 3 اگست 2022 کی ای میل کھولی وہ اس آئی پی ایڈریس کو بلاک کر دیں۔