ایوانِ صدر نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن (PIFD) میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کر دی ہے۔
ایوانِ صدر پبلک سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدرِ پاکستان بطور چانسلر پی آئی ایف ڈی نے کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی۔ کمیٹی کی سربراہی چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کریں گے، جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی اور ایوانِ صدر سیکریٹریٹ کے نمائندے کو بطور رکن شامل کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی ادارے کا تفصیلی دورہ کرے گی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے نشاندہی کی گئی مبینہ بے ضابطگیوں، انتظامی کوتاہیوں اور بدانتظامی کے معاملات کی چھان بین کرے گی۔
کمیٹی کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر مزید ارکان کو شامل کر سکے۔ علاوہ ازیں قائم مقام وائس چانسلر کو چارج سونپنے کے معاملے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
کمیٹی اپنی تفصیلی انکوائری رپورٹ اور سفارشات چانسلر کو پیش کرے گی۔






















