وفاقی حکومت کی جانب سے صنعتی اسٹیٹس کیلئے یکساں ٹیرف کی منظوری دے دی گئی۔
منگل کے روز وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر قیادت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا جس میں صنعتی اسٹیٹس کیلئے یکساں ٹیرف کی منظوری دے دی گئی جبکہ خصوصی صنعتی زونز اور صنعتی اسٹیٹس کو بجلی فراہمی کا نیا نظام منظور کرلیا گیا۔
حکومتی فیصلے کے تحت زونز کو ایک پوائنٹ پر بجلی فراہمی، کنکشن دینے اور دیگر معاملات نمٹانے کی اجازت ہوگی اور خصوصی صنعتی زونز اور انڈسٹریل اسٹیٹس میں بجلی تقسیم کار کمپینیزکے افسران کی مداخلت ختم ہوجائے گی جبکہ اس نظام کے تحت صنعتوں کو یکساں ٹیرف کی بدولت مسابقت میں آسانی ہوگی۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم کی جانب سے نئے نظام کا اطلاق تمام خصوصی صنعتی زونز پر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کیلئے صنعتی ترقی کلیدی اہمیت کی حامل ہے اور اللہ کے فضل وکرم سے کاروبار میں آسانی کے اپنے عہد کی تکمیل کی جانب تیزی سے گامزن ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صنعتوں کو یکسان ٹیرف پر بجلی کی فراہمی سے ملکی صنعتی ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوگا اور صنعتوں کا پہیہ چلنے سے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے جبکہ برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی کے شعبے کی اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے اور عوام کو کم لاگت ، ماحول دوست اور تسلسل سے بجلی کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی سے بجلی صارفین کیلئے لاگت مزید کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں اور پاورڈویژن اور متعلقہ ادارے گردشی قرضہ کم کرنے اور شعبے کی اصلاحات کیلئے لائق تحسین ہیں۔