بہاولنگر، ننکانہ صاحب، رینالہ خورد اور جڑانوالہ میں دھند کے باعث حادثات میں خاتون اور بچے سمیت 7 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق بہاولنگر میں تیز رفتار بس نے مسافر وین کو ٹکر ماردی، حادثے میں بچے سمیت 5 افراد جاں بحق اور 7 سے زائد زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق بس بہاولنگر جبکہ وین ہارون آباد سے آرہی تھی، دونوں گاڑیوں میں اڈہ گجیانی پر تصادم ہوا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب ننکانہ صاحب میں سانگلہ ہل روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی کے ساتھ ٹکرانے سے موٹر سائیکل سوار زندگی کی بازی ہار گیا۔
سانگلہ ہل میں تیز رفتار بس بے قابو ہوکر الٹ گئی، خاتون سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے جبکہ رینالہ خورد میں بائی پاس کے قریب دھند میں منی ٹرک، ٹریکٹرٹرالی، بس اور کار کے ٹکرانے سے 2 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔
جڑانوالہ میں ڈمپر نے رکشہ کو ٹکر مارچی، واقعے میں خاتون جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔