پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج پاکستان ایک نئی تاریخ لکھنے جا رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکنان اور یوتھ کی بہت بڑی تعداد مینار پاکستان کی جانب گامزن ہے، آج پاکستان ایک نئی تاریخ لکھنے جا رہا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا پاکستان آنا ملک کیلئے نئے عروج اور خوشحالی کی نوید لے کر آرہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وطن اور عوام آج مشکلات میں گھرے ہیں، نواز شریف نے دکھی دل کے ساتھ واپسی کا اظہار کیا اور انہوں نے امید کی کرن پاکستان لے کر آنے کا کہا۔
انہوں نے کہا کہ آج دہشتگردی نے دوبارہ سر اٹھایا ہوا ہے، عوام کی طاقت اور مینڈیٹ کے ساتھ مہنگائی کی کمی ہوگی، پھر سے پاکستان کے نوجوان کو ترقی، روشنی اور امید ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی واپسی سے معاشرے میں نفرت کا خاتمہ ہوگا اور معاشرے میں موجود ناامیدی کو امیداور محبت میں بدلیں گے۔