پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی افتخار احمد کی فوٹواینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر لگائی گئی سٹوری نے اہم سوالات کو جنم دے دیا۔
پاکستانی بیٹر افتخار احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں آخری بار قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی جس میں وہ کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے اور بعدازاں انہیں دورہ آسٹریلیا اور ساؤتھ افریقا کے لئے ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں افتخار احمد نے 11.50 کی ایوریج سے 2 میچز میں محض 18 اسکور کیے تھے۔
حال ہی میں چیمپئنز ٹی 20 کپ کھیلا گیا جس میں افتخار احمد نے مارخور ٹیم کی نمائندگی کی اور ان کی ٹیم ایونٹ کی رنر اپ رہی۔
چیمپئنز ٹی 20 کپ کے دوران افتخار احمد نے 10 میچز کھیلے جن میں 21.12 کی ایوریج کے ساتھ 169 رنز بنائے جبکہ ان کا بہترین سکور 66 رہا اور ایونٹ کے دوران ایک ففٹی کی۔
چیمپئنز ٹی 20 کپ میں افتخار احمد نے اپنے 10 میچز میں 4 چوکے اور 12 چھکے لگائے۔
تاہم ، منگل کے روز افتخار احمد کے انسٹا ہینڈل پر ایک دلچسپ سٹوری سامنے آئی جس سے کئی سوالات نے جنم لیا کیونکہ ویڈیو میں قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان ، نائب کپتان سلمان علی آغا اور سابق کپتان شاہین آفریدی کو چھکا لگانے کی کوشش میں آؤٹ ہوتے دیکھا گیا جبکہ ویڈیو کے دوسرے حصے میں افتخار احمد کو چھکے لگاتے دکھایا گیا۔
ویڈیو کے پہلے حصے پر دلچسپ کیپشن درج تھا کہ ’’ آسٹریلیا میں چھکے لگانا آسان نہیں ‘‘ ویڈیو کے دوسرے حصے پر کیپشن درج تھا کہ ’’ جب تک آپ افتخار نہ ہوں ‘‘۔
یعنی، ’’ آسٹریلیا میں چھکے لگانا آسان نہیں جب تک آپ افتخار نہ ہوں ‘‘۔
افتخار کی انسٹا سٹوری سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارم پر بھی وائرل ہوئی جس پر صارفین کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔
تاہم سٹوری کے حوالے سے واضح نہیں ہوسکا کہ کیا افتخار، رضوان سمیت دیگر قومی کھلاڑیوں پر طنر کررہے تھے یا سلیکٹرز کیلئے کوئی پیغام تھا۔