دھند کے باعث ملک کےمختلف مقامات پرحادثات کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
اٹک میں فتح جنگ کے قریب بس الٹ گئی،حادثے میں دس افراد جاں بحق،جبکہ 17افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو کی ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ بس کاٹائرپھٹنےکےباعث پیش آیا۔
مورو قومی شاہراہ پرمسافر وین اور ٹریلر میں تصادم کےنتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق گیارہ افراد زخمی ہوگئے۔حادثے کے دس زخمیوں کی تشویشناک حالت میں نواب شاہ اسپتال منتقل کیا گیاہے۔
حادثےمیں جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق تگربرادری سے ہے،حادثے کا شکار ہونے والے حیدرآباد میں رشتہ دار کی شادی کی تقریب سے واپس نوشہروفیروزکے نواحی گائوں فاضل تگر آرہے تھے کہ تیز رفتاری اور دھند کے باعث حادثے کا شکار ہوگئے،پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے لیا جبکہ ڈرائیور فرار ہوگیا ہے۔
کوٹ ادو میں لنگرسرائےکےقریب دھند کےباعث ٹریکٹرٹرالی،مزدہ اورمسافرکوچ آپس میں ٹکراگئے،حادثہ میں ایک شخص جاں بحق، دوافراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کواسپتال منتقل کردیاگیا۔
شور کوٹ کینٹ روڈ پر موٹروے انٹرچینج کے قریب موٹر سائیکل سلپ ہونے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا: 31 سالہ محمد رمضان سر میں چوٹ لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا،جاں بحق شخص کی لاش کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
لودھراں میں مخدوم والی کےقریب ملتان جاتےہوئےگاڑی اور ٹریکٹرٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں پانچ مسافر زخمی ہوگئے،ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ دھند کے باعث پیش آیا۔
دلاورٹاؤن کےقریب ٹرک اورکارمیں تصادم کے نتیجے میں ایس ایچ اوغلام نبی بجارانی زخمی ہوگیا، حادثہ دھند کے باعث پیش آیا ہے۔