استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے صدر اور وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ ، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں نجی میوزیم '' صوبیہ محل'' کا دورہ کیا ہے جس کے دوران انہوں نے قرآن پاک کے نادر نسخے اور اسلامی خطاطی کے نمونے دیکھے جبکہ نجی میوزیم میں موجود انڈس ویلی اور جدید آرٹ کے فن پاروں کا بھی معائنہ کیا۔
'' صوبیہ محل'' کے دورے کے دوران وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا اسلامی تہذیب سے منسلک بڑی تعداد میں اشیا کو ایک جگہ یکجا کرنا اہم کارنامہ ہے ۔
وفاقی وزیر نے اس منفرد کامیابی پر معروف ماہر تعلیم و تاریخ دان زاہد پرویز بٹ کی کاوشوں کو سراہا اور '' اللہ، محمد'' گیلری میں آویزاں اسمائے مبارکہ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے زاہد پرویز بٹ کو اس مبارک کام کی توفیق بخشی اور اس نجی میوزیم میں قدیم اور جدید دونوں تہذیبوں کا امتزاج دیکھنے کو ملا جبکہ نئی نسل کو اپنے اسلاف و تاریخ سے آگاہ کرنا بہت بڑی ملی و دینی خدمت ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبیہ محل جیسے مزید اسلامی مراکز کے قیام سے مثبت معاشرتی رحجان میں اضافہ ہوگا ۔
اس موقع پر زاہد پرویز بٹ کا کہنا تھا یہ نجی میوزیم ہماری خاندانی میراث اور کاوش،جو تیسری نسل سے منتقل ہو رہا ہے۔
صوبیہ محل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی آمد اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔