صدر مملکت آصف علی زرداری نے مدارس رجسٹریشن بل پر دستخط کردیئے، بل قانون بن گیا، قومی اسمبلی جلد گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
حکومت اور جے یو آئی ف کے درمیان دینی مدارس کی رجسٹریشن کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہوگیا۔ صدر مملکت آصف زرداری نے سوسائٹیز رجسڑیشن ایکٹ پر دستخط کردیئے، صدر مملکت کے دستخط کے ساتھ ہی بل قانون بن گیا۔
قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی، قومی اسمبلی جلد گزٹ نوٹیفیکیشن جاری کریگی۔
سوسائٹیز رجسڑیشن ایکٹ 2024ء کے اہم نکات
سوسائٹیز رجسڑیشن ایکٹ 2024ء کے نفاذ سے پہلے قائم ہونے والے مدارس کو 6 ماہ میں رجسٹریشن کرانا ہوگی
بل کے بعد قائم ہونیوالے دینی مدارس ایک سال میں رجسٹریشن کروانے کے پابند ہوں گے
جن دینی مدارس کے ایک سے زیادہ کیمپس ہیں، انہیں صرف ایک رجسٹریشن کی ضرورت ہوگی۔
ہر دینی مدرسہ اپنی سرگرمیوں کی سالانہ رپورٹ رجسٹرار کو جمع کروائے گا۔
ہر مدرسہ اپنے حسابات کا آڈٹ کروا کر آڈٹ رپورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کروائے گا۔
کوئی بھی مدرسہ شدت پسندی اور مذہبی منافرت پر مبنی مواد نہ شائع کرے گا نہ پڑھائے گا۔