دبئی میں سونے کی قیمت میں یکدم 4 درہم کا اضافہ ہوگیا، فی گرام نرخ 240.75 درہم کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔
رپورٹ کے مطابق 20 اکتوبر کو 24 قیراط سونے کی فی گرام قیمت میں 4 درہم کا بڑا اضافہ ہوا، جس کے بعد نرخ تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 240.75 درہم پر پہنچ گئے۔
دبئی گولڈ مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران سونے کی فی گرام قیمت میں 10.75 درہم اضافہ ہوا تھا، پیر کو فی گرام 24 قیراط سونے کی قیمت میں 2 درہم کی کمی ہوئی تھی تاہم منگل کو ایک بار پھر 1.25 درہم اضافہ ہوگیا تھا جبکہ بدھ 18 اکتوبر کو فی گرام سونا 3.5 درہم اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح 237 درہم پر پہنچ گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق دبئی میں 22 قیراط سونے کی فی گرام قیمت میں بھی 3.50 درہم کا اضافہ ہوا، جس سے قیمت 222.75 درہم ہوگئی۔
متحدہ عرب امارات میں سونے کے 10 گرام نرخ 40 درہم اضافے سے 2 ہزار 407 درہم پر پہنچ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ آج عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ ہوا جبکہ پاکستان میں بھی سونا 2200 روپے مہنگا ہوگیا۔