آسٹریلیا کے سیم باؤلنگ آلراؤنڈر شان ایبٹ نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے دسویں ایڈیشن کے لئے سائن اپ کرلیا۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کی تیاریاں عروج پر ہیں اور ڈرافٹنگ کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں نے اپنی رضا مندی بھی ظاہر کرنا شروع کر دی ہے۔
ہفتے کے روز آسٹریلوی آلراؤنڈر شان ایبٹ نے پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹ کے لئے آفیشل سائن اپ کیا جس کی تصدیق سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر پاکستان سپر لیگ کے آفیشل ہینڈل سے کی گئی۔
شان ایبٹ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے کسی ایڈیشن کا بھی حصہ نہیں بنے۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بیٹر الیکس کیری نے بھی پی ایس ایل 10 کھیلنے کی تصدیق کرتے ہوئے پلیئر ڈرافٹ کے لئے سائن اپ کیا جبکہ عثمان خواجہ بھی ایونٹ کے لئے رضا مندی ظاہر کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پلیئر ڈرافٹ پہلی بار بلوچستان میں منعقد کیا جائے گا جس کی میزبانی 11 جنوری 2025 کو گوادر کرے گا۔