بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی نئی فلم ’’ سکندر ‘‘ کا ٹیزر ریلیز کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی آئندہ سال ریلیز ہونے والی نئی فلم سکندر کا ٹیزر ہفتے کے روز جاری کیا گیا، یہ ٹیزر گزشتہ روز سلمان خان کی سالگرہ کے موقع پر ریلیز کیا جانا تھا لیکن بھارت کے سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ کی وفات کے باعث ایک دن کی تاخیر کے بعد ریلیز کیا گیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ٹیزر جاری کرتے ہوئے فلم کے پروڈیوسرز نے لکھا کہ " اب انتظار ہوا ختم اور یہاں سکندر کی دنیا کی ایک جھلک پیش کی جا رہی ہے، ان تمام مداحوں کے لیے ایک تحفہ جو پہلی جھلک دیکھنے کا انتظار کر رہے ہیں‘‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’’ تمام محبتوں اور صبر کے لیے آپ کا شکریہ، اس عید پر آپ سب سینما گھروں میں دیکھیں گے۔‘‘
ٹیزر پر ردعمل دیتے ہوئے فلم شائقین کا کہنا تھا کہ ٹیزر دیکھ کر اس بات کا یقین ہوا کہ سکندر ایکشن سے بھرپور فلم ہوگی۔
سلمان خان کے ساتھ سکندر میں معروف اداکارہ رشمیکا مندانا جلوہ گر ہوں گی جبکہ فلم کو ساجد ناڈیاوالہ نے پروڈیوس کیا ہے اور یہ فلم 2025 میں عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔