سابق کپتان سرفراز احمد کی سینٹرل کنٹریکٹ میں ترقی ہوگئی، پی سی بی نے کیٹیگری ڈی سے بی کردی، سینٹرل کنٹریکٹ میں مزید 5 کھلاڑیوں کا اضافہ بھی کردیا گیا۔
پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ میں تبدیلی کا اعلامیہ جاری کردیا، جس کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹس میں جن 5 کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے ان میں ابرار احمد (سی کیٹیگری)، نعمان علی (سی کیٹگیری)، طیب طاہر (ڈی کیٹیگری)، عامر جمال (ڈی کیٹیگری) اور ارشد اقبال (ڈی کیٹیگری) شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان اور فرسٹ چوائس وکٹ کیپر سرفراز احمد کی سینٹرل کنٹریکٹ میں کیٹیگری بھی تبدیل کرتے ہوئے انہیں ڈی سے بی کیٹیگری میں شامل کرلیا۔
یاد رہے کہ سرفراز احمد نے گزشتہ دسمبر میں ٹیسٹ ٹیم میں کم بیک کیا تھا اور اپنی واپسی کے بعد سے وہ 4 ٹیسٹ میچز میں 61.16 کی اوسط سے 367 رنز بناچکے ہیں۔
سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز کی 4 اننگز میں ایک سنچری اور 3 نصف سنچریاں بناکر پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔
سی کیٹیگری میں شامل مسٹری اسپنر ابرار احمد انگلینڈ کیخلاف ڈیبیو کے بعد سے 6 میچوں میں 38 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ نعمان علی نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران 4 ٹیسٹ میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
سینٹرل کنٹریکٹس حاصل کرنیوالے 30 کھلاڑی یہ ہیں۔
اے کیٹگری: بابر اعظم، شاہین آفریدی، محمد رضوان، بی کیٹگری: فخرزمان، حارث رؤف، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور شاداب خان، سی کیٹگری: عبداللہ شفیق، ابرار احمد، عماد وسیم اور نعمان علی شامل ہیں۔
ڈی کیٹگری: عامر جمال، ارشد اقبال، فہیم اشرف، حسن علی، افتخار احمد، احسان اللہ، محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شاہنواز دھانی، شان مسعود، طیب طاہر، اسامہ میر اور زمان خان۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں قابل ذکر اضافہ کیا گیا ہے، جس میں آئی سی سی ریونیو کا حصہ بھی شامل ہے۔