مادر وطن کے دفاع کی خاطر پاک فوج کےجوان اپنے خون کی قر بانی دیتے چلے آرہے ہیں،ان شہداء میں سپاہی محمد سلیم شہید بھی شامل ہیں،جنہوں نے کوئٹہ کے قریب مچھ کے مقام پر دہشت گردوں سے مقابلے میں شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔
سپاہی محمد سلیم شہید کے لواحقین نے اپنے جذبات کا اظہارکیا،سپاہی محمد سلیم شہید کے والد نے بیٹےکی شہادت کے موقعے پرکہا،"سلیم بہت ذہین اور اچھا بچہ تھا, ہمیشہ عزم کرتا تھا کہ ملک کی حفاظت کرنی ہے اور اس کے لیے اپنی جان قربان کرنی ہے"مجھےفخر ہےاپنے بیٹے پرکہ پاکستان کی خاطر اپنی جان کا نظرانہ پیش کیا،سلیم کی کمی ہر وقت ستاتی ہے اللہ پاک اس کے درجے بلند کرے اوراس کی شہادت کو قبول کرے،وہ جب بھی چھٹی آتا تھا تو ہمارا بہت خیال رکھتا تھا۔
اس بار بھی وہ 20 دن کی چھٹی گزارکےکوئٹہ گیا اوروہاں پہنچ کرہمیں کال کی کہ میں پہنچ گیا ہوں، اسی رات کو کوئٹہ کے قریب مچھ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نےحملہ کیا،جہاں سلیم ڈیوٹی پر تھا۔اگلےدن ہمیں اطلاع ملی کہ وہ شہید ہو گیا۔
میں پوری قوم کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اپنےملک کے لیےویسا ہی قربانی کا جذبہ رکھیں جیسا سلیم کا تھا،سلیم نے اپنی جان کا نظرانہ پیش کر کے پورے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
سپاہی محمد سلیم شہیدکی والدہ نے بیٹےکی شہادت کے موقعے پرکہا"مجھےاپنے بیٹےسلیم کی شہادت پرفخر ہے،سلیم کی شہادت پر دل انتہائی غمگین ہےکیونکہ میں اس کی ماں ہوں،مگر میں اللہ تعالیٰ کی رضا پر راضی ہوں،اللہ کی شکرگزار ہوں کہ میرے بیٹےکوشہادت کا رتبہ حاصل ہوا،سلیم ہم سب سےبہت محبت کرتا تھا،بہن بھائیوں،چھوٹے بچوں اورخاندان کے ہر فرد کے ساتھ وہ ہمیشہ اخلاق اور محبت سے پیش آتا تھا۔
جس وقت سلیم کی شہادت کی خبرملی،وہ انتہائی مشکل لمحہ تھا،مگرمیں نے اللہ کا شکر ادا کیا کہ اس نے میرے بیٹے کو شہادت کا رتبہ دیا،رات کو سوتے وقت میں ہمیشہ پاکستانی فوج اور پاکستان کے لیےدعا گو ہوتی ہوں کہ اللہ ان کا حافظ و ناصر ہو۔
سپاہی محمد سلیم شہید کے بھا ئی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا“بھائی، بھائی کا مضبوط سہارا ہوتا ہے، اور ہم دونوں میں بہت محبت تھی، ہم نے ساتھ پڑھا اور ساتھ کھیلا۔
میں کھیتوں میں کام کر رہا تھا جب مجھے فون آیا کہ سلیم شہید ہو گیا،وہ لمحہ دل پہ بہت بھاری تھا، مگر مجھے فخر بھی محسوس ہوا کہ میرا بھائی شہادت کا بلند مرتبہ حاصل کر چکا ہے،
اس کی کمی ہر جگہ ہر وقت محسوس ہوتی ہے لیکن مجھے اپنے بھائی کی شہادت پر فخر ہے، خدا اسکے درجات بلند کرے،
ہمارے فوجی بھائی جو سرحدوں اور پاکستان بھر میں ڈیوٹی پر ہیں،میں ان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ایمانداری سے اپنے فرض کو پورا کریں اور دہشت گردی کا خاتمہ کریں۔