پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لئے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کو نیوٹرل وینیو کے طور پر چن لیا۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق قومی کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کو نیوٹرل وینیو بارے آگاہ کر دیا گیا ہے اور اب چیمپئنز ٹرافی کا پاک، بھارت میچ بھی یو اے ای میں کھیلا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق چیمپینز ٹرافی کے لیے نیوٹرل وینیو کا فیصلہ میزبان پاکستان نے کرنا تھا۔
وینیو کا حتمی فیصلہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور یو اے ای کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شیخ النہیان کی ملاقات کے بعد ہوا۔
محسن نقوی اور شیخ النہیان کی ملاقات
اس سے قبل چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے یو اے ای کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شیخ نہیان مبارک النہیان سے ملاقات کی جس کے دوران کرکٹ کے فروغ کیلئے مزید اقدامات پر اتفاق ہوا جبکہ محسن نقوی نے شیخ نہیان مبارک النہیان کو چیمپئنز ٹرافی میچز دیکھنے کیلئے پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
شیخ نہیان مبارک النہیان کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پر پاکستان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں، چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
اس موقع پر محسن نقوی کی جانب سے یو اے ای میں کرکٹ کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش بھی کی گئی۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے بہت خوش وخروش پایا جاتا ہے اور ہم چیمپئنز ٹرافی کو شاندار و منفرد ٹورنامنٹ بنانا چاہتے ہیں۔