قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما عمر ایوب نے ملٹری کورٹس کی جانب سے سانحہ 9 مئی میں ملوث مجرموں کی سزاؤں کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے انصاف کے اصولوں کے منافی قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے خصوصی بیان میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ملٹری کورٹس کے فیصلے پر ردعمل جاری کیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کے زیر حراست افراد کو سزائیں انصاف کے اصولوں کے منافی ہیں اور زیر حراست افراد عام شہری ہیں جن کے خلاف فوجی عدالتوں میں مقدمہ نہیں چل سکتا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ فوجی عدالتوں سے سویلینز کو سزائیں مسترد کرتے ہیں۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ریاست کے انتظامی اختیار کا حصہ ہیں اور ایسے فیصلوں سے آئین کی بنیادی خصوصیت اور طاقت کی تقسیم کی نفی ہوئی ہے۔
قبل ازیں فوجی عدالتوں نے سانحہ 9 مئی میں ملوث پچیس مجرمان کو سزائیں سنائی ہیں اور سزا پانے والوں میں جی ایچ کیو راولپنڈی ، جناح ہاؤس لاہور اور میانوالی ایئربیس پر حملے کرنے والے ملزمان شامل ہیں۔
مردان ، بنوں ، چکدرہ ، فیصل آباد اور ملتان میں فوجی تنصیبات پر حملوں کے مجرموں کو بھی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
سزا یافتگان کو اپیل اور دیگر قانونی چارہ جوئی کا حق ہوگا۔